اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے چین کے قیام کی 65ویں سالگرہ پر چینی ہم منصب لی کی چیانگ کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کی دوستی میں نئے باب کا اضافہ ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین میں باہمی تعلق اور اعتماد مضبوط دوستی کا عکاس ہے۔ دونوں ملکوں نے عالمی اور علاقائی صورتحال پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سٹرٹیجک تعلقات اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جاتے ہوئے دونوں ممالک اور خطے میں عوام کیلئے ترقی، استحکام اور خوشحالی لیکر آئے گا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کا مفید تعاون آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔