اسلام آباد +کھاریاں( سٹاف رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے دم لینگے، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ضرب عضب میں جوانوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ذرائع کے مطابق کھاریاں کینٹ میں نیشنل کائونٹر ٹیررزم سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے بتایا کہ نیشنل کائونٹر ٹیررزم سنٹر دہشت گردی کیخلاف جدید خطوط پر تربیت فراہم کرے گا۔ این سی ٹی سی میں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی تربیت دی جائے گی، دوست ممالک کی افواج بھی تربیت لینے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو پوری قوم اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور تمام روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں، ملک کو درپیش خطرات کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق تربیت حاصل کرنے والوں کو شہروں، جنگلوں ا ور دریائوں میں کارروائیوں کیلئے خصوصی تربیت دی جائیگی۔