پشاور (صباح نیوز) خیبر پی کے میں مقامی حکومتوں کے ناظمین اور نائب ناظمین کیلئے تنخواہوں اور مراعات کا اعلان کردیا گیا۔ ضلع ناظمین اور نائب ناظمین 27 لاکھ پچاس ہزار روپے جبکہ تحصیل و ٹاون ناظمین و نائب ناظمین 49 لاکھ روپے ماہانہ عوام پر خرچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے میں مقامی حکومتوں کے قیام کے بعد عوامی خدمت پر مامور ناظمین کے لئے پرکشش تنخواہیں اور مراعات مقررکر دی گئی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ضلع ناظمین کی تنخواہ 60ہزار، ضلع نائب کی 50ہزار، ٹاؤن اور تحصیل ناظم کی تنخواہ 40ہزار اور تحصیل نائب ناظم کی تنخواہ 30ہزار مقرر کی گئی ہے جبکہ ویلیج اور نیبرہڈ کونسلوں کے ناظمین اور نائب ناظمین کی ماہانہ تنخواہ بالترتیب 20 اور 15 ہزار روپے ہوگی۔ صرف تنخواہوں کی مد میں حکومت کو ہرماہ 13 کروڑ1 لاکھ 65 ہزار روپے خرچ کرنا ہوں گے جبکہ مراعات اس کے علاوہ ہیں۔ مراعات میں ضلع ناظم کو 300لٹر پٹرول، ضلع نائب ناظم کو 150 لٹر، ٹاؤن اور تحصیل ناظم کے لئے 200لٹر پٹرول ملے گا۔ ضلع کونسل کے نائب ناظم کو ماہانہ 5ہزار روپے ٹیلی فون کی مد میں اور چائے بسکٹ کے لئے 8ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ضلع نائب ناظم اور تحصیل و ٹاون ناظم کوگریڈ 18جبکہ تحصیل کے نائب ناظم کو گریڈ 17 کے افسر کے برابر مراعات حاصل ہوں گی۔
خیبر پی کے: ضلع ناظمین کی تنخواہ 60، نائب ناظم کی 50ہزار مقرر، مراعات کا اعلان
Oct 01, 2015