امریکہ :70سال میں پہلی بار خاتون کوسزائے موت دیدی گئی

Oct 01, 2015

ایٹلانٹا(آن لائن) امریکی ریاست جارجیا میں 70سال میں پہلی بار خاتون کو سزائے موت دے دی گئی،جارجیا کے جیل ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ 47 سالہ کیلی گسنڈینر کو جیل میں انجکشن دے کر ہلاک کیا گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیلی گسنڈینر کو اپنے شوہر کے قتل کے جرم میں رواں برس فروری میں سزائے موت دی جانی تھی تاہم موسم سرما کے طوفان اور متعلقہ شیڈول معاملات کی وجہ سے اسے روک دیا گیا تھا۔کیلی کو فروری 1997 میں اپنے شوہر ڈوگلس گسندینر کے سفاکانہ قتل کا مجرم قرار دیا گیا، جنھوں نے ایک مرد دوست کے ذریعے اپنے شوہر کو اغواء کروایا اور پھر نہایت سفاکانہ طریقے سے قتل کروادیا۔جس کے بعد ڈوگلس کی کار کو جلا دیا گیا جبکہ ان کی نعش کو جنگل میں جنگلی جانوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔کیلی کا خیال تھا کہ وہ اپنے شوہرکی انشورنس کی رقم حاصل کرلے گی تاہم اسے بعد میں علم ہوا کہ ان کے شوہر نے کوئی پالیسی نہیں لے رکھی تھی۔نومبر 1998 میں جرم ثابت ہوجانے کے بعد کیلی کو سزائے موت جبکہ اس کے مرد دوست کو 25 سال قید کی سزا سنائی گئی۔2014 میں امریکی سپریم کورٹ نے ان کی رحم کی اپیل بھی مسترد کردی تھی۔واضح رہے کہ رومن کیتھولک کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی کیلی کی سزا کو روکنے پر زور دیا تھا۔

مزیدخبریں