اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے اور بنکنگ ٹرانزکشن پر 0.3 فیصد کی رعایتی شرح کے نفاذ کی معیاد میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔ اکتوبر میں پٹرولیم مصنوعات قیمتیں ستمبر کی سطح پر ہی برقرار رہیں گی۔ آئی ایم ایف سے قرضہ کے 504.8 ملین ڈالر تین دن میں سٹیٹ بینک کو موصول ہو جائیں گے۔ یورو بانڈ کے اجراء سے ملک پر قرضوں کا بوجھ نہیں بڑھے گا۔ ود ہولڈنگ ٹیکس کو واپس نہیں لیا جائے گا۔ امریکہ کولیشن سپورٹ فنڈ میں سے ایک سہ ماہی کی رقم جلد ادا کردے گا۔ گزشتہ روز ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرنز داخل کرنے کے معیاد ہیں ایک ماہ کی توسیع کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں تاجر تنظیموں کی طرف سے درخواست کی گئی تھی۔ تاجروں کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں۔ وڈ ہولڈنگ ٹیکس قانون کا معاملہ ہے تاہم اس ٹیکس کو واپس نہیں لیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ قیمتیں ستمبر کی سطح پر برقرار رہیں گی۔ جنرل مشرف کے زمانے میں جو بانڈ جاری کیا گیا تھا اب اُس کی ادائیگی کا وقت آگیا ہے۔ اس لیے ضروری تھا کہ وہ خزانے سے رقم لینے کے بجائے نیا بانڈ جاری کیا جائے۔ یورو بانڈ کا 38 فیصد امریکہ، 38 فیصد برطانیہ، 12 فیصد یورپ، 12 فیصد ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کاروں نے خریدا ہے۔ کسان پیکیج صرف حلقہ 122 کا نہیں تھا بلکہ یہ پورے پاکستان کیلئے ہے۔ اُن سے پوچھا جائے جو اس معاملہ کو الیکشن کمشن کے پاس لے کر گئے۔ الیکشن کمشن آئینی ادارہ ہے۔ اُس کے فیصلہ کا احترام کریں گے اور پابندی کے خاتمہ کے بعد پیکج پر عمل دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ حج کے دوران منیٰ کا واقعہ تکلیف دہ ہے۔ ایک ملک کے حاجیوں کے گروپ کی طرف سے غلط راستے پر جانے کی وجہ سے واقعہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار‘ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے،بنک ٹرانزکشن پر 0.3 ود ہولڈنگ ٹیکس کی رعایت میں 31 اکتوبر تک توسیع
Oct 01, 2015