فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت سے ہزار اختلافات کے باوجود ہم بھارت سے مقابلے کے لیے حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ پوری پاکستانی قوم مودی کے خلاف متحد ہے۔ مودی جیسے انتہا پسند وزیراعظم کی موجودگی میں بھارت متحد نہیں رہ سکتا۔ میں بھارت میں کئی نئے پاکستان دیکھ رہا ہوں۔ پوری دنیا بھی بھارت کے ساتھ کھڑی ہو جائے، بھارت پاکستان سے کبھی جنگ نہیں جیت سکتا۔ مودی اگر باز نہ آئے تو یہ جنگ ممبئی اور دہلی میں لڑی جائے گی۔ مودی کی شر انگیزیوں سے خطے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے امن کو خطرہ ہے۔ جنگ ایک بار شروع ہو گئی تو کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہے گی ۔ ہم امن چاہتے ہیں، ہماری بھارت کے عوام سے نہیں، ہندوذہنیت اور برہمن سامراج سے جنگ ہے۔ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وزیراعظم پاکستانی سفیر کو بھارت سے واپس بلائیں اور کشمیر کی آزادی تک بھارت کے ساتھ ہر قسم کی بات چیت ختم کی جائے۔ حکمرانوں سے پوچھتا ہوں کہ آج تمہارا دوست اوباما کہاں ہے۔ ہمیں امریکہ پر نہیں، اپنے اللہ پر اعتماد کرنا چاہئے اور حکمران بھی امریکہ کی بجائے مکہ مکرمہ کو اپنا قبلہ بنائیں۔ امریکہ نے ایک بار نہیں، بار بار ہمیں دھوکہ دیا ہے۔ افواج پاکستان ایمان، تقویٰ اور جہاد کا راستہ اختیار کرے تو فتح ان کے قدم چومے گی۔ پاکستان کو جب تک ایک اسلامی اور ویلفیئر ریاست نہیں بنا لیتا چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں کرپشن کیخلاف جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ جلسہ سے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم، میاں مقصود احمد، زبیر گوندل اور سردار ظفر حسین نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ کشمیری اسلام اور پاکستان پر اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیںکہ پاکستان ان کی سرپرستی کرے، مگر ہمارے حکمران امریکہ اور بھارت سے خائف ہیں اور کھل کر کشمیریوں کی حمایت نہیں کر رہے۔ حکمرانوں نے ہمیشہ قوم کو دھوکہ دیا اور عالمی سامراج کی غلامی کی۔ حکمران ملک کو ساتھ خیانت کررہے ہیں۔ قومی اداروں کو تباہ کرنے والے نااہل حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے۔ ایک سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں۔ میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ترین عدالتوں سے بھی رجوع کیا ہے۔ پاکستان کے عوام ملک میں جس تبدیلی اور انقلاب کا انتظار کرہے ہیں وہ صرف اسلامی نظام کے نفاذ سے ممکن ہے۔ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف اس وقت تک لڑتا رہوں گا جب تک غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی ان کے پیٹ پھاڑ کر واپس نہیں لیتا۔
مودی باز نہ آیا تو جنگ ممبئی دہلی میں لڑی جائے گی، حکمران بتائیں ان کے دوست اوباما کہاں ہیں: سراج الحق
Oct 01, 2016