لاہور/ گوجرانوالہ/ بدین/ ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی جارحیت کیخلاف لاہور میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام مذہبی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھارت مردہ باد ریلیاں نکالی گئیں۔ بھارتی جارحیت کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، قلات، بدین اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مظاہرے کئے گئے اور بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ لاہور میں مذہبی جماعتوں کے قائدین اور وکلاء رہنمائوں نے جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر جنگ لڑنے والا بھارت میدان میں پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔انڈیا نے بارڈر پر جنگ چھیڑی تویہ صرف کشمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ہر شہر میں جنگ لڑی جائے گی۔پاکستانی فوج کے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب سے مودی کا جنگ کا بخار اتر گیا۔ حکومت، فوج، سیاستدان اور عوام ملکی دفاع کے مسئلہ پر ایک ہوجائیں۔ پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دینے والا بھارت یاد رکھے کہ کشمیر ڈیموں سمیت پاکستان کا حصہ بنے گا۔ چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ بعدازاں جامع مسجد القادسیہ میں بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے فوجیوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد ا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے پڑھائی۔ بعد ازاں احتجاجی مظاہرہ سے پروفیسر حافظ محمد سعید، لیاقت بلوچ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، قاری یعقوب شیخ، ابوالہاشم ربانی، رائو طاہر شکیل ایڈووکیٹ، حبیب الرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت نے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کیا‘ اب وہ دنیا کو یہ کہہ کر گمراہ نہیں کر سکتا کہ جارحیت پاکستان کر رہا ہے۔ انڈیا اکیلا کچھ نہیں کر سکتا اسے امریکی شہ حاصل ہے۔ امریکہ بھارت کی سرپرستی کر رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پوری قوم کو پہلے جنگ کا بخار چڑھایا‘ پاکستان پر حملہ اور سرجیکل سٹرائیک کرنے کے بیانات دیے گئے تاہم جب کچھ نہ کر سکے اور بھارتی عوام کا دبائو بڑھا تو پھر اجیت دوول کا تیار کردہ سرجیکل سٹرائیک کا ڈرامہ رچا دیاگیا۔ اب ڈیموں سمیت کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ حکومت کشمیریوں کو ظلم و ستم سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کا راستہ روکنے کے لئے امریکی تھپکی پر پاکستان پر حملہ کرنا چاہتا ہے۔ ہم حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ بھارت سے تجارت، ثقافت کا کھیل بند ہونا چاہئے۔ علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہاکہ ہم محمد بن قاسم، محمود غزنوی کے وارث ہیں اور سومنات کے بتوں کو توڑنے والے ہیں۔ ادھر گوجرانوالہ میں سنی اتحاد کونسل نے پاکستان زندہ باد اور بھارت مردہ باد یوم منایا۔ مساجد کے باہراحتجاجی مظاہرہ کئے اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت وہٹ دھرمی اور کشمیر میں ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے علماء کرام مولانا محمد اکبر نقشبندی، سرفراز احمد تارڑ، مفتی غلام نبی جماعتی اور دیگر نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں توجہ ہٹا نہیں سکتا ۔کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہو کر رہے گی ۔لائن آف کنٹرول پر فوجیوں کی چوکیوں اور آبادیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے۔آن لائن کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی۔ شرکاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ جی ایچ کیو میں تعینات اہلکاروں پر پھول نچھاور کئے۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ریلی کے شرکاء راولپنڈی میں پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے سامنے پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے فوجی پکٹ پر تعینات جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں شرکاء نے پاکستان زندہ باد ‘ پاک فوج زندہ باد اور جیو جیو پاکستان کے نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ادھر بھارتی جارحیت کیخلاف بدین میں سول سوسائٹی نے ایوان صحافت کے سامنے مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں بدین میں مظاہرے میں نیشنل پارٹی قلات، خالق آباد اور لانگو قومی اتحاد نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بیانات کے خلاف نعرے لگائے۔ علاوہ ازیں پاک فوج کی حمایت میں ڈیرہ اسماعیل خان میں قبائلیوں نے ریلی نکالی۔ قبائلیوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور بھارتی جارحیت کیخلاف مزاحمت کا اعلان کیا۔ قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھارت مردہ باد ریلی نکالی ۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ جموں اینڈ کشمیر ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام کوئٹہ میں بھارت مردہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرہ کے شرکاء کے پاکستان زندہ باد‘ پاک افواج زندہ باد‘ اسلام زندہ باد‘ کشمیری مجاہدین زندہ باد‘ کشمیر بنے گا پاکستان‘ بھارتی سامراج مردہ باد‘ مودی مردہ باد‘ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ کشمیریوں کی احتجاجی ریلی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار سے روانہ ہوئی جس میں کشمیری نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ پریس کلب کوئٹہ کے سامنے بھارتی پرچم اور بھارتی وزیراعظم مودی کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔