بانکی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی پیشکش کر دی، سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ غلط ہے‘ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو بریفنگ

Oct 01, 2016

نیویارک /اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کی پیشکش کر دی۔ پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بان کی مون سے ملاقات کی۔ بان کی مون نے دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا۔ پاکستانی حکومت اور شہداء کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کشیدگی جلد از جلد کم کریں۔ ملیحہ لودھی نے بان کی مون کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین سے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ گزشتہ روز یہ مطالبہ سیکرٹری خارجہ اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے امریکہ‘ برطانیہ‘ روس‘ فرانس اور چین کے سفیروں کو اسلام آباد میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل حملوں بارے دی گئی بریفنگ میں کیا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کے بے بنیاد اور جھوٹے دعوے مسترد کر دیئے۔

مزیدخبریں