بھرتیوں پر پابندی ختم، بھارتی جارحیت پر آل پارٹیزکانفرنس بلائی جائے: سندھ کابینہ

Oct 01, 2016 | 21:26

ویب ڈیسک

سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں سے پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی جبکہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ عوامی مقامات پر سگریٹ پینے، شیشہ ، گٹکا ، مین پوری کے استعمال پر پابندی پر فوری عمل کرایا جائے۔  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس نیو سندھ سیکرٹریٹ میں ہوا ۔ صوبائی وزرا، مشیر اور معاون خصوصی شریک ہوئے۔ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں سے پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی ۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کابینہ کو محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق غیر معمولی اقدامات کیے ہیں ۔ سی سی ٹی وی کا سسٹم مزید بہتر کیا گیا ہے ۔ سندھ بلوچستان سرحد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے ۔ تمام ایجنسیوں کا تعاون حاصل ہے ۔ پولیس اور رینجرز مل کر کام کر رہے ہیں ۔ سادہ لباس اہلکار مجالس کی نگرانی کریں گے ۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات پر سگریٹ پینے، شیشہ، گٹکا ،مین پوری کے استعمال پر پابندی پر فوری عمل کرایا جائے۔ سندھ اسمبلی جو بل پاس کرے اسی دن گورنر کو منظوری کے لئے بھیج دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی ہماری حکومت سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے محنت و دیانتداری سے کام کرنا ہے ۔ ہمارا فرض ہے کہ عوام کو مایوس نہ کریں ۔ کابینہ نے بھارتی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔وزیر اعلی نے کہا کہ پورا پاکستان متحد ہے ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ وزیر اعظم سے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا جائے ۔ بھارتی جارحیت کے اہم اےشو پر اے پی سی ملکی سلامتی کے لئے ضروری ہے۔

مزیدخبریں