ایف بی آر ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ 31 دسمبر مقرر کرے: اشرف بھٹی

Oct 01, 2017

لاہور( کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی 31 اکتوبر تک توسیع کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 31دسمبر تک بڑھانے کا اعلان کرے ،تاجرنا مساعد حالات کے باوجود کئی مدوں میں ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں لیکن محکمے سہولیات فراہم کرنے کی بجائے نظام کو پیچیدہ کر کے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ٹیکسز دینے والے بعض شعبوں کو مراعات بھی دی جاتی ہیں جبکہ تاجرجو کئی مدوں میں ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں انہیں کسی طرح کی مراعات او رسہولیات میسر نہیں ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسز دینے والے تمام افراد کےلئے یکساں سہولیات اور مراعات کا اعلان کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں 31اکتوبر تک توسیع کا اقدام قابل تعریف ہے لیکن مطالبہ ہے کہ اس فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور اسے 31دسمبر تک بڑھایا جائے ۔ اس اقدام سے جہاں تاجر برادری کو آسانی میسر آئے گی وہیں ایف بی آر کو ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں اضافے کے لئے نظام کو سہل بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی سطح پر کئی محکمے ٹیکسز اکٹھے کر رہے ہیں ہمار امطالبہ ہے کہ اسے ایک ہی محکمے کے ذریعے وصول کیا جائے اور اس طرح وصولی کر کے ٹیکس لیکج سے قومی خزانے کو ہونے والے بھاری نقصان سے بھی بچا جا سکے گا۔

مزیدخبریں