واشنگٹن(این این آئی)معروف امریکی آن لائن میگزین پولیٹیکو نے بتایا کہ امریکی صدر کی سخت ویزا پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستان بھی ان اسلامی ممالک میں شامل ہوگیا جن کے شہریوں کو امریکی ویزوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے رواں سال کے اوائل میں ایگزیکٹیو آرڈرکے ذریعے ایران، عراق، لیبیا، صومالیہ، شام ، یمن اور سوڈان کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کی تھی تاہم بعد میں عراق اور سوڈان کو فہرست سے خارج کرکے افریقی ملک چاڈ، شمالی کوریا اور وینزویلا کو شامل کیا گیا تھا۔پاکستان ان ممالک میں شامل نہیں تھا جن پر امریکہ کی سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں لیکن شہریوں کو ویزے کے اجرا میں واضح کمی آئی ہے۔امریکی آن لائن میگزین کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر 6 ممالک پر لگنے والی پابندی کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال 2016 کے مقابلے میں رواں سال 44 فیصد کی کمی آئی جن میں نمایاں ترین شام اور یمن کے شہری تھے۔ٹرمپ کی سفری پابندی کی زد میں آئے عرب ممالک سے 16 فیصد کمی آئی جبکہ مسلم اکثریت رکھنے والے 50 ممالک کے شہریوں کو ویزے کی کمی 8 فیصد تک گر گئی۔