یوم عشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ ملکر دشمن کے عزائم ناکام بنانا ہیں:شہباز شریف

Oct 01, 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے اجلاس سے خطاب کیا ۔اجلاس میںیوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں عزاداروں اور امن عامہ کیلئے کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور پر امن وامان کی فضا یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدام کیا گیا ہے اور مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے چار درجاتی حصار بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ سب نے ملکر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔ اتحاد، اتفاق اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔ یوم عاشور پر وضع کردہ سکیورٹی پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانٹیرنگ تسلسل کیساتھ جاری رکھی جائے اور مجالس و جلوسوں کے اختتام پذیر ہونے تک پولیس فورس اور متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے اور ضابطہ اخلاق پر پابندی پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان تسلسل کیساتھ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے۔ موجودہ حالات میں کوتاہی یا لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کو حقیقی معنی میں فلاحی ریاست بنانے کیلئے مذہبی آہنگی، بھائی چارے اور یگانگت کو فروغ دیا جائے۔ شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے68ویں قومی دن کے موقع پر چین کی حکومت ،قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے عوامی جمہوریہ چین کو سب سے پہلے آزاد و خودمختار ملک کی حیثیت سے تسلیم کیا، دونوں ملکوں کی دوستی اقوام عالم میں ایک مثال بن چکی ہے، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے ترقی کے نئے افق کو چھوا ہے اورآج چین کی ترقی و خوشحالی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سے ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ ترکی کے معروف گروپ کے وفد نے ملاقات کی، ترک گروپ نے پنجاب کے ہیلتھ کیئر کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت عامہ کو خوب سے خوب تربنانے کے لئے ترکی کا تعاون لائق تحسین ہے، ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے ملکرتیزی سے کام کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ سے انڈونیشیا کے سفیر آئیوان سیودھی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اورانڈونیشیا میں مذہبی،ثقافتی وتجارتی تعلقات ہیں،دونوں ممالک کے مابین تجارتی ومعاشی روابط کو بڑھانے کی ضرورت ہے، شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے میں بھی انڈونیشیا کے ساتھ درآمد بڑھائی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں