لاہور (سپیشل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول سید الشہدا حضرت امام حسینؓ نے حکمرانوں کی طرف سے ہر قسم کی مالی دنیاوی ‘ حکومتی اور ذاتی پیشکش کو ٹھکراکر صرف قرآن و سنت‘ شریعت محمدی اور اسلام کے نظام کے نفاذ کو ترجیح دی۔ محسن انسانیت نے بزور مسلط کی جانیوالی حکمرانی کوماننے سے انکار کر دیا، اسلامی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی نفی پر مبنی جابرانہ نظام کو تسلیم نہ کیا۔ پیغام عاشورہ میں انہوں نے کہا کہ عاشور ایک کیفیت‘ جذبے‘ تحریک اور عزم کا نام بن چکا ہے۔واقعہ کربلا کے پس منظر میں نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد‘ آفاقی اصول اور پختہ نظریات موجود ہیں۔ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے ذاتی کردار کو امام حسینؓ اور ان کے باوفا اصحاب و انصار کی سیرت کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے اور اجتماعی سطح پر بھی امام حسینؓ کی جدوجہد سے استفادہ کریں گے اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کے اصلی اور حقیقی مقاصد سے رہنمائی لیتے ہوئے معاشرہ کی اصلاح کا فریضہ انجام دیں گے۔ یہی عاشورا کا پیغام ہے۔
شہری آزادیوں کی نفی پر مبنی جابرانہ نظام کو تسلیم نہ کرنا ہی پیغام عاشورہ ہے: علامہ ساجد نقوی
Oct 01, 2017