نیب ریفرنسز: نوازشریف‘ بچوں کیخلاف فردجرم کی کارروائی کا آغاز کل ہوگا

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ صباح نیوز) نیب ریفرنسز میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اور انکے بچوں کو احتساب عدالت میں 2 اکتوبر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو 4 اکتوبر کو بلایا گیا ہے۔ احتساب عدالت نوازشریف‘ انکے بچوں اور داماد پر فردجرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کریگی جبکہ اسحاق ڈار پر فردجرم عائد کی جاچکی ہے۔ 4 اکتوبر کو وزیر خزانہ کیخلاف 2 گواہ عدالت میں اپنا بیان دیں گے۔ دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد کے جج نے سابق وزیراعظم کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر وزراء کو عدالت میں آنے سے منع کردیا ۔ انتظامیہ کے ذریعے پیغام بھیج دیا گیا۔ عدالت میں وزراء کے آنے پر انتظامیہ اور پولیس کے انہیں پروٹوکول دینے میں مصروفیت کے باعث انکی سکیورٹی سے توجہ ہٹانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ باقاعدہ طور پولیس اور انتظامیہ کو خبردار کر دیا گیا کہ نوازشریف کی آئندہ پیشی کے موقع پر کسی بھی قسم کے ہجوم کو احاطہ عدالت میںکسی صورت داخل ہونے کی اجازت نہ دیا جائے۔ یاد رہے 26 ستمبر کو نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے ہجوم کمرہ عدالت میں داخل ہوگیا تھا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد میں سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ نکلے۔اعلیٰ سطح پر باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا تاحال انکا نوٹس نہ لیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں سکیورٹی کییلئے نصب سی سی ٹی وی کیمرے کام نہیں کررہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن