کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں خاتون پر تیز دھار آلے سے وار کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔واقعہ محکمہ موسمیات کے دفتر کے قریب ہفتہ کی صبح پیش آیا، ملزم نے رکشے سے اترنے والی خاتون پر تیز دھار آلے سے وار کیا اور فرار ہو گیا۔ حملہ آور نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق زخمی خاتون اسی رکشے میں سوار ہوکر نجی ہسپتال پہنچی جہاں خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد واپس گھر بھیج دیا گیا۔ 25 ستمبر سے اب تک گلستان جوہر کے علاقے میں 9 خواتین کو تیز دھار آلے سے وار کر کے زخمی کیا جا چکا ہے۔ خواتین پر حملے کے ملزمان تاحال آزاد پھر رہے ہیں جبکہ پولیس ملزموں تک پہنچنے میں ناکام ہے۔کراچی پولیس نے گلستان جوہر میں خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والے ملزم کی تصاویر جاری کر دیں اور ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے انعام کا اعلان کیا۔ ڈی آئی جی ریسٹ سلطان خواجہ کے مطابق ملزم کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ ملزم کا قد 5 فٹ 7 انچ یا 5 فٹ 9 انچ تک ہے۔ ملزم دبلا پتلا اور عمر 20 سے 29 سال تک ہے۔
.کراچی: گلستان جوہر میں خواتین پر چاقو سے حملے کا نواں واقعہ
Oct 01, 2017