ملتان (خبر نگار خصوصی) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے اور شہر بھر کی مرکزی امام بارگاہوں سمیت جلوسوں کے روٹس کی سی سی ٹی وی کمیروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی گئی۔ پولیس کے ڈھائی ہزار سے زائد اہلکاروں نے شہر بھر میں سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے اور جلوسوں کو وقت مقررہ پر منزل مقصود تک پہنچایا۔ یوم عاشورہ پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کرتے ہوئے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد اکرام نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر ملک شفیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو زاہد اکرام نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدیات پر شہر بھر میں 132 سکیورٹی کیمرے لگائے گئے ہیں جو 100 سے زائد ماتمی جلوسوں کی براہ راست کوریج دے رہے ہیں اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں تربیت یافتہ سٹاف 24 گھنٹے امن و امان کی صورت حال پر نظر رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ پر تمام ضلعی آفیسران اور ریونیو سٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جو کہ جلوسوں کے تمام انتظامات کے براہ راست ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی سنسنی اور اشتعال پھیلانے والی خبروں سے گریزکرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے موقف اور صورتحال کلیئر کریں۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کو کنٹرول روم کا دورہ بھی کرایا اور سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔
زاہد اکرام