پنگریو(نامہ نگار)پنگریو سے ملحقہ ضلع تھر پارکر کے گاو¿ں کاٹھ ماڑی کی لوند برادری اور بااثر سیاسی شخصیات کے درمیان مویشیوں کی چراگاہوں اور گزرگاہوں کی ملکیت کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے اور فریقین کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مقامی باشندوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اس ضمن میں کاٹھ ماڑی کی۔ لوند برادری کے افراد نے پریس کلب پنگریو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین کے نمائندوں محمد رمضان لوند.خالق ڈنو لوند. محمد یوسف لوند اور محمد قاسم لوند نے کہا کہ بااثر سیاسی شخصیات سرکاری چراگاہوں اور انسانی آبادی کی گزرگاہوں پر قابض ہیں اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سرکاری چراگاہیں اور گزرگاہیں خالی کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں چراگاہوں پر قبضے کے باعث علاقے کے غریب باشندوں کے سینکڑوں مویشی بھوکے مر رہے ہیں ۔بااثر شخصیات کے قبضے کے باعث کاٹھ ماڑی کی انسانی آبادی اور مویشی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔ دھمکیوں سے ہماری جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔