شاہ محمود قریشی نے عوامی اُمنگوں کی ترجمانی کی‘ ڈاکٹر معراج الہدیٰ

Oct 01, 2018

کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر قومی امنگوں کے عین مطابق اور عوام کے جذبات کی آئینہ دار تھی‘ یہ تقریر پاکستان کی جانب سے کسی بین الاقوامی فورم پر کی جانیوالی تقاریر میں بہترین تقریر تھی‘ قومی زبان میں کی جانے والی تقریر پاکستان کی شناخت اور خوداعتمادی کی جھلک لئے ہوئے تھی‘ ہندوستان کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھارہا ہے اور کشمیر کا مسئلہ حل کیئے بغیر بھارت سے اچھے تعلقات کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ صوبائی امیر نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی ہر دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ‘ بلوچستان سے لے کر فاٹااور گلگت بلتستان سے لے کر مالاکنڈ تک بھارتی ایجنٹوں نے ہمارے جوانوں اور عوام کا بڑے پیمانے پر قتل عام کیا ہے جس کا زندہ ثبوت کلبھوشن یادو کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہے۔اقوام متحدہ جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور میں ریفرنڈم کے ذریعے وہاں کے لوگوں کو حق رائے دہی کا اختیار دیکر آزادی حاصل کرنے میں مدد کرسکتا ہے تو کشمیر میں بھی اسے اپنی پاس کی ہوئی قراردادوں کا نوٹس لے کر مسئلہ کشمیر کو حل کروانے میں چستی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ورنہ پورا خطہ ایک خطرناک جنگ کا شکار ہو سکتا ہے جس کے اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔ ناموس رسالتؐ کا تحفظ آج عالمی امن کیلئے نہایت ضروری ہے‘ ایک ارب 60 کروڑ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی حفاظت کرنا ہوگی۔

مزیدخبریں