اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے سابقہ حکومت کی طرح شاہانہ اخراجات نہیں کریں گے، قوم کا پیسہ بچانا چاہتے ہیں۔ سابق حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔ سابق دور میں برآمدات میں کمی ہوئی۔ حکومت کی اولین ترجیح سرمایہ کاری اور صنعت کو بڑھنا ہے، بڑے اداروں کی نجکاری کرنا بھی چاہیں تو نہیں کر سکتے، ہمیں اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہو گا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اکتوبر کے وسط تک غیریقینی صورتحال ختم ہو جائے گی، ہم نے عام آدمی پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالا، ملکی خسارے کو کم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ سابق حکومت کی وجہ سے 2300ارب کا بجٹ خسارہ ہوا۔ او جی ڈی سی ایل کو بیچنے نہیں جا رہے، گیس اور بجلی میں 600ارب روپے کا خسارہ ہے۔ سیاستدان اور بیورو کریٹ اداروں کو ٹھیک نہیں کر سکتے، اداروں میں تجربہ کار لوگوں کو لایا جائے گا۔
اسد عمر