شربت فروش کو سوا 2ارب کی منتقلی تحقیقات میں پیشرفت، اکاﺅنٹ منجمد 5بینک افسروں کی محکمانہ طلبی

کراچی (آئی این پی) کراچی کے شربت فروش کے اکاﺅنٹ میں سوا 2 ارب روپے کی منتقلی کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ایف آئی اے نے اکاﺅنٹ منجمد کر کے نجی بینک کے 5افسروں کو بینک سرکل میں طلب کر لیا ہے۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق شربت فروش عبدالقادر کا اکاﺅنٹ منجمد کر دیا گیا ہے جب کہ اکاﺅنٹ کھلوانے اور رقم منتقلی کی الگ الگ تفتیش کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاﺅنٹ کی عدالتی جے آئی ٹی اور ایف آئی اے الگ الگ تحقیقات کرے گی۔ ذرائع نے بتایا عبدالقادر کے نام پر جعلی اکاﺅنٹ کھولنے پر بینک افسران کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکام نے قانونی ماہرین سے رائے طلب کرلی ہے کہ رقم منتقلی پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ کس پر ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ جس بزنس گروپ نے شہری کے نام پر اکانٹ کھولا، اس کے عہدیداروں کو بھی طلب کیاجاچکا ہے۔
شربت فروش

ای پیپر دی نیشن