صنعائ(صباح نیوز)یمنی فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے عرب اتحاد کی مدد سے صوبہ صعدہ کے شمالی ضلع باقم میں حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی 400بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نکال کر تلف کردی ہیں۔ بارودی سرنگ اور بموں کو دیہات میں فارموں، شہری آبادی ،عوامی شاہراہوں کے قریب چھپا رکھا تھا۔یمنی فوج کے تیسرے بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل عزیز الخطابی نے بتایا ہے کہ ضلع باقم کے متعدد دیہات اور فارموں میں حوثی ملیشیا نے بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نصب کر رکھی تھیں۔فوج کی انجینئرنگ ٹیموں نے حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرائے گئے ان علاقوں میں یہ بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز ڈیوائسز نکال کر ناکارہ بنا دی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے ان میں سے زیادہ تر بارودی سرنگوں اور بموں کودیہات میں واقع فارموں ، شہری آبادیوں اور عوامی شاہراہوں کے قرب وجوار میں چھپا رکھا تھا۔واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد یمن میں حوثی شیعہ باغیوں نے سب سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی ہیں۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے نہ صرف ان بارودی سرنگوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے جن پر بین الاقوامی سطح پر پابندی عاید ہے بلکہ انھوں نے ان کو کھلی جگہوں اور شہری آبادیوں کے نزدیک بھی بلا تمیز نصب کیا ہے۔ مزید برآں وہ اپنے زیر قبضہ علاقوں کو خالی کرنے سے قبل وہاں بارودی سرنگیں بچھا جاتے ہیں۔ ان کے دھماکوں میں اب تک تین ہزار سے زیادہ یمنی شہری مارے جاچکے ہیں۔ ان میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
یمنی فوج نے صعدہ میں حوثی ملیشیا کی بچھائی مزید 400بارودی سرنگیں تلف کردیں
Oct 01, 2018