ملک میں باہمی احترام کے جذبات کو فروغ دیا جائے:لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی اورسیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنمائوں کا وفد اہل سنت ، اہل تشیع اور اہل حدیث کے اکابر رہنمائوں سے ملاقات کرے گا۔ اتحاد و اتفاق اور اتحاد ملت کے لیے بنیادی اصولوں پر تبادلہ خیال ہوگا تاکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کی بجائے باہمی احترام ، برداشت اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا رجحان پیدا ہو۔ پوری امت کا شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔ کشمیر ، فلسطین ، عراق ، یمن اور لیبیا کے حالات امت کے انتشار کی وجہ سے ہیں۔ پاکستان میں بھی نفاق ، انتشار اور عدم برداشت کا ایسا ہی ماحول پیدا کیا جارہاہے کہ کشمیر پر مودی کے فاشزم اور عرب ممالک کی طرح پاکستان پر بھی اسرائیل تسلیم کرنے کا دبائو بڑھایا جائے۔ ملک میں فسادی صورتحال سے آئین ، جمہوریت ، سی پیک اور ایٹمی صلاحیت کو مستقل خطرات لاحق کردیے جائیں گے۔ پاکستان اپنے دوست ممالک سے تعلقات کو مستحکم کرے اوردوست نما قوتوں سے نجات پائی جائے۔ لیاقت بلو چ نے گوپال نگر میں بھٹی سٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں ریاستی ادارے ، حکومت ، اپوزیشن اور سول سوسائٹی باہم متصادم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن