فیروزوالہ‘ شیخوپورہ، فیروزوٹواں، بھکھی، جوئیانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندگان) شرقپور شیخوپورہ روڈ پر واقع دربار بودے شاہ پر جھگڑا خاتون سمیت 4 ملنگ ہلاک ہو گئے۔ چاروں کے سر ہتھوڑوں سے کچلے ہو ئے تھے۔ نعشیں برساتی نالہ سے ملیں بتایا گیا ہے کہ بودے شاہ کے دربار پر کامونکی کے رہائشی تین ملنگ بابا ہیرا، نشان علی اور مائی ملنگنی کے علاوہ بابا سائیں اختر رہتے تھے اسی دربار پر ناصر ملنگ بھی رہتا تھا۔ پانچوں افراد نشہ کرتے تھے۔ گزشتہ شب پانچوں ملنگ دربار پر موجود تھے اس دوران ان کے درمیان کسی مسئلہ پر تلخ کلامی ہو گئی۔ جس پر ناصر نامی نے ہتھوڑے کے پے در پے وار کر کے خاتون سمیت چار ملنگوں کو مار ڈالا۔ بعد میں نشے کی حالت میں گر گیا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ناصر نے ان افراد کو قتل کیا جبکہ جائے وقوعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ قاتل کچھ اور افراد ہو سکتے ہیں۔ دربار پر بھاری نذرانہ آتا تھا تنازعہ کا باعث ہو سکتا ہے۔ پولیس نے مختلف پہلوئوں پر تفتیش کا آغاز کر دیا۔ بھکی پولیس نے ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دیں۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کیمطابق تھانہ بھکھی کے علاقہ شرقپور روڈ پر بھنگ کے عادی ملنگ نے نشہ میں دھت ہو کر خاتون سمیت 4 ساتھیوں کو قتل کر کے خاتون سمیت 4 نعشیں قریب سیم نالہ میں پھینک دیں۔ مقتولین میں بابا نشان عمر 70 سال‘ بابا ہیرہ عمر 60 سال‘ سائیں اختر عمر 45 سال اور مائی صاحبہ عمر 55 سال شامل ہیں۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین غازی موقع پر پہنچ گئے۔ بھکھی پولیس نے آلہ قتل سمیت ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
5 ملنگوں میں جھگڑا، ایک نے ہتھوڑے سے خاتون سمیت 4 کے سرکچل دئیے
Oct 01, 2020