کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی اور اس کے مضافاتی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والے واحد ادارے،کے الیکٹرک کو ستمبر کے پہلے ہفتے میں رینسم ویئر حملے کی کوشش کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے پاور یوٹیلیٹی کا کہنا ہے کہ تمام اہم کسٹمر سپورٹ فنکشنز اور سروسز بشمول بلوں کی ادائیگی اور 118کال سینٹر مکمل طور پر فعال رہیں، تاہم انفارمیشن سسٹم اور سرورزکی سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر چند غیر متعلقہ سروسز کو فوری طور پر سسٹم سے الگ کر دیا گیاتھا۔کے الیکٹرک کی انٹرنل آئی ٹی ٹیم نے اس حملے کی کوشش پر فوری رد عمل دیتے ہوئے بین الاقوامی آئی ٹی سیکیورٹی ماہرین سے مشاورت شروع کی اور اس سلسلے میں موجودہ سائبر سیکیورٹی پروٹوکولز کے تحت مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ انٹرنل فرانزک تحقیقات کے بعد، ادارہ یہ تصدیق کرتا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ ہے اور سائبر سیکیورٹی کے رہنما اصولوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے سسٹم سے علیحدہ کی جانے والی سروسز کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ پاور یوٹیلیٹی یہ واضح کردینا چاہتی ہے کہ اس سلسلے میں کسی بھی ادارے کے ساتھ مذکرات نہیں کئے جارہے ہیں۔