کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اورسیکریٹری جنرل زبیرطفیل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا سے متاثرہ کاروباری حالات اور ایکسپورٹ بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،کورونا کے بعد کی صورت حال پر گہری نظر رکھتے ہوئے معاشی حالات بہتر سے بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ایس ایم منیر اور زبیرطفیل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے یہ اعلان کہ بزنس کونفیڈینس اور معاشی گروتھ میں بہتری آئی یے،معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں تو یہ بات خوش آئند ہے لیکن مہنگائی کودرپیش خطرات کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔یو بی جی رہنمائوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی پر کہا کہ بارشوںکے نتیجے میںہونے والی تباہ کاریوں کے باعث کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے اجناس کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں بھی بڑھ گئی ہے اور مہنگائی کی شرح بڑھتی ہوئی 9فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ صنعت کا شعبہ معمولی بہتری کی طرف رواں دواں ہے مگر انڈسٹریکیلئے پیدا شدہ مسائل کہیں اس بہتری کی راہ میں رکاوٹ نہ بن جائیں اس لئے حکومت صنعتی شعبے کو گیس،بجلی اور پانی کی فراہمی برقرار رکھے اور اس میں رکاوٹ نہ آنے دے کیونکہ یہی سیکٹرلوگوں کو روزگار مہیا کرنے کا ذریعہ ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم ملکی معیشت کو بہتر بنانے کی جو جدوجہد کررہی ہے بزنس کمیونٹی کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے ،ملک میں اب کورونا بہتر ہورہا ہے پھر بھی ایس او پیز پر سخت عملدرآمد کرایا جائے اور دیگر مسائل کو دور کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میںترسیلات زر،زرمبادلہ کے ذخائر اور کیش فلو میں اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک کو بیرون ممالک پاکستانیز سے ترسیلات زرکی مد میں ہر ماہ2ارب ڈالر موصول ہورہے ہیںاورملک میں مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب90 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئے ہیں جن میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر12 ارب70کروڑڈالر سے بھی زائد ہیں یقیناً یہ ذخائر تین ماہ سے زائدکی درآمدات کے لئے کافی ہیں لیکن اگر حکومت ایکسپورٹس پر خصوصی توجہ دے تو برآمدات بڑھنے سے ملک میں مزید ڈالرز آئیں گے اور بیرونی خسارہ مزید کم ہوگا۔