وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر

Oct 01, 2020 | 12:06

ویب ڈیسک

اسلام آباد: وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے اور تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ محمد امجد خان نیازی کو7 اکتوبر کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔ محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

انہوں نے کمیشننگ پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی اور وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

پاک بحریہ کے نئے سربراہ کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور اس وقت چیف آف اسٹاف (آپر یشنز) کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔وہ آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ کے گریجویٹ ہیں۔ گزشتہ سال پاکستان بحریہ کے چار رئیر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی، جن میں محمد امجد خان نیازی بھی شامل تھے۔

دیگر ترقی پانے والے والوں میں وائس ایڈمرل اطہر مختار، وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی اور وائس ایڈمرل آصف خالق شامل تھے۔

مزیدخبریں