قائمہ کمیٹی ، قومی پرچم،قائداعظم کی تصویر کی بے حرمتی پرسزائیں بڑھانے کا ترمیمی بل منظور

Oct 01, 2021


اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے قومی پرچم اور قائداعظم کی تصویر کی بے حرمتی  پرسزائیں  بڑھانے  اور مقرر کرنے کا بل اور  بدعنوانی کی ممانعت( ترمیمی) بل  متفقہ طور پر منظور کر لئے جبکہ  پاکستان پینل کوڈ( ترمیمی) بل  کے تفصیلی جائزے کے لئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی، کریمنل لاز (ترمیمی) بل کے مطابق  قومی پرچم اور قائد اعظم کی تصویر کی بے حرمتی  یا سرکاری املاک سے غیر مجاز طور پر جان بوجھ کر اتارے جانے پر پانچ سال تک قید یا کم سے کم50ہزا جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی دی جاسکیں گی  ۔کمیٹی میں کسی جعلساز کی جانب سے سٹیٹ بینک کا جعلی نمائندہ بن کر ارکان پارلیمنٹ فون کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ، کمیٹی نے ایف آئی اے کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس  چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی صدارت میں ہوا ، اجلاس کے دوران  سینیٹر سعدیہ عباسی کی جانب سے پیش کئے گئے پاکستان پینل کوڈ( ترمیمی) بل2021 کا جائزہ لیا گیا ،چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایک اور بل حکومت کی طرف سے پہلے ہی  وزارت قانون کے پاس گیا ہوا ہے۔

مزیدخبریں