غزہ/ تل ابیب (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی مظالم تھم نہ سکے‘ مزید 3 فلسطینی شہید کر دیئے۔ اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے یروشلم کے قدیم حصے میں مسجد الاقصی کے باہر داخلی راستے پر ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اس خاتون نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق شہید والی 30 سالہ فلسطینی خاتون مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قباطیہ کی رہائشی تھی۔ مغربی کنارے کے شمالی حصے میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے اسرائیلی فورسز پر فائرنگ کی تھی۔