پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ، مہنگائی کا طوفان آئیگا 

Oct 01, 2021

تجزیہ:محمد اکرم چودھری
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ حکومت عوامی مسائل کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گی۔ حکومت مسلسل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ حکومت کو عوامی مشکلات کا اندازہ نہیں ہے لیکن بدقسمتی ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں بھی عوامی مسائل پر سیاست کرنے اور حکومت پر دباؤ بڑھانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس عوامی سیاست کے لیے وقت نہیں ہے۔ پاکستان مسلم لیگ اندرونی اختلافات کا شکار ہے، وہاں بیانیے پر شدید اختلاف پایا جاتا ہے۔ اعلی قیادت دھڑے بندی کا شکار ہے۔ نون لیگ کی اعلیٰ قیادت کبھی میاں نواز شریف کی طرف دیکھتی ہے تو کبھی میاں شہباز شریف کی طرف دیکھ رہی ہوتی ہے۔ کوئی واضح اور متفقہ موقف نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کے کسی بھی فیصلے پر بھرپور موقف سامنے نہیں آتا۔ نہ ہی پارلیمنٹ میں عوامی مسائل مناسب انداز میں زیر بحث لائے جاتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، پنجاب جیسے اہم صوبے میں اس کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حوالے سے غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے اپنے اپنے مسائل ہیں۔ ان حالات میں حکومت کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔ حکومت مسلسل کھانے پینے کی اشیائ، ادویات اور دیگر چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں تین سو تینتالیس روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت دو ہزار چار سو تین روپے 55 پیسے ہوگئی ہے۔ ایل پی جی فی کلو انتیس روپے 11پیسے مہنگی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت دو سو تین روپے 69 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مہنگائی کے بوجھ میں دبے پاکستانیوں پر ایک اور ظلم ہے۔ کیا وفاقی حکومت کو ادراک ہے کہ ملک میں کس تیزی کے ساتھ غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے والوں کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ قوت خرید میں کمی اور ہر وقت اضافی بوجھ کے ساتھ زندگی گذارنے سے ذہنی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کو بیرونی طور پر شدید مسائل کا سامنا ہے۔ دشمن ہر طرف سے حملہ آور ہے۔ ان حالات میں عام آدمی کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے حکومت مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ عوامی حکومتیں عوام کے بارے میں سب سے پہلے سوچتی ہیں لیکن موجودہ حکومت عام آدمی کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔

مزیدخبریں