کراچی/ تھرپارکر (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی+آئی این پی) بحیرہ عرب میں ممکنہ طوفان کے زیر اثر کراچی میں تیز ہوائیں چلنے لگیں ساتھ بارش ہوئی۔ تیز ہواؤں کے باعث فیریر ہال کے قریب بجلی کا پول گاڑی پر گرگیا۔ جس کے باعث اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ کچھ ہی فاصلے پر ایک درخت بھی تیز ہواؤں کے باعث اکھڑ گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گلستان جوہر میں بھی 3 کھمبے گرگئے جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ رات گئے بھی شہر میں تیز ہوائیں چلیں اور بجلی چمکی جبکہ مضافاتی علاقوں پورٹ قاسم اور اطراف میں بارش بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت زیریں سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی میں سمندری طوفان کی تشکیل کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ جبکہ کے الیکٹرک نے بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہوئی صارفین کو بارش میں محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بحیرہ عرب کے شمال مشرقی حصے میں ٹراپیکل سمندری طوفان میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید شدت پیدا ہو گی۔ اعلامیے کے مطابق 30 ستمبر سے طوفانی بارش کا سلسلہ دو اکتوبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے پیش نظر ماہی گیروں کے تین اکتوبر تک سمندر میں جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔ چیف مٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہے جبکہ کراچی میں اربن فلڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔ ڈپریشن طوفان میں بدلا تو اس کا نام شاہین ہوگا۔ آندھی کے باعث کمزور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ رہے گا۔ تمام ادارے الرٹ رہیں۔ سجاول میں متعلقہ محکموں کے ملازمین چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ تھرپارکر سے اے پی پی کے مطابق ضلع انتظامیہ نے رین ایمرجنسی جاری کر دی ہے۔ مزید برآں تازہ ترین الرٹ کے مطابق سمندر میں غیر معمولی سرگرمی کا فاصلہ جمعرات کی شام تک کراچی سے 240، ٹھٹھہ سے 200 کلو میٹر اور ماڑہ سے 410 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔ آئی این پی کے مطابق شہر قائد میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) سمیت دیگر ایئر لائنوں کی 5 پرواز منسوخ دیگر کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی۔ علاوہ ازیں شہرقائد میں طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے پیش نظر پورٹ قاسم بندرگاہ پر کھڑے بحری جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔ پورٹ قاسم میں برتھ پر کھڑے جہازوں اور لانچوں کو طوفان سے خطرہ ہے۔ انتظامیہ نے جہازوں اور لانچوں پر اضافی لنگر و رسے باندھ دیے جبکہ ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئیں۔ پی ڈی ایم اے سندھ افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کی گئیں۔ مزید برآں آل سندھ پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن اور سندھ حکومت نے غیر یقینی موسم کی صورت حال کے باعث آج جمعہ کو سکول اور کالج بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے ابھی تک سرکاری سکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔