گیارہ لاکھ محنت کشوں کیلئے مزدار کارڈ، ایم او یو پر دستخط

Oct 01, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے گجرات کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ گجرات کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 360ارب روپے کے فنڈز ملنے سے ترقی کا انقلاب آئے گا۔ پنجاب کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ ماضی میں بعض علاقو ں کو دانستہ پسماندہ رکھا گیا۔ ماضی کی روایات کے برعکس عوامی فلاح وبہبودکے منصوبے ترجیحاً مکمل کرائیں گے۔ ترقی گجرات سمیت ہر شہر کا حق ہے اور عوام کو یہ حق ضرور لوٹائیں گے۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لئے مثال بنانا چاہتے ہیں۔  علاوہ ازیں بزدار حکومت محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبہ بھر کے 11 لاکھ محنت کشوں کیلئے پنجاب مزدور کارڈ سکیم کے اجراء  کیلئے پیسی (PESSI) اور بینک آف پنجاب کے درمیان وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔  عثمان بزدار نے پنجاب سوشل سکیورٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور تختی کی نقاب کشائی کرکے سوشل سکیورٹی ہسپتال کے رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ رحمت للعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی آٹومیشن سسٹم پر منتقلی خوش آئند ہے۔ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی بتدریج آٹومیشن کی جائے گی۔  صوبہ بھر میں 11 لاکھ محنت کشوں کو مزدور کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ مزدور کارڈ کو اے ٹی ایم، ڈیبٹ کارڈ، موبائل والٹ اکاؤنٹ اور شناختی کوڈ کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔ مزدور کارڈ، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں، سرکاری اور پینل کے نجی ہسپتالوں میں علاج کیلئے استعمال ہوگا۔ مزدور کارڈ کے ذریعے کیش بینیفٹ کی 11 سہولتیں بھی حاصل ہوگی۔ مزدور کارڈ سے ریلوے، یوٹیلٹی سٹور، باٹا، بیکری  اور  سکول کی طرف سے ورکروں کو 30 فیصد رعایت ملے گی۔ مراعات مزدورکا حق ہے اور یہ کسی کا احسان نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت محنت کشوں کو ان کا حق ضرور لوٹائے گی۔ عثمان بزدار نے ایکسپو ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسینیشن سینٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا اور ویکسینیشن سینٹر میں آنے والے شہریوں اور ان کے اہل خانہ سے گفتگو کی۔  شہریوں سے ویکسینیشن سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر ایک معمر شہری نے ویکسینیشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن سینٹر حکومت کی حسن کارکردگی کا بہترین نمونہ ہے۔ٰ عثمان بزدار نے  عملے سے بھی گفتگو کی اور ویکسینیشن کے طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا۔  انہوں نے عوام ویکسینیشن کروا کر اپنی اور خاندان کی زندگی محفوظ بنائیں۔ عثمان بزدار ایکسپو ویکسینیشن سینٹر کے دورے کے بعد اچانک لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹر پہنچ گئے۔  شہری اور عملہ حیران رہ گیا۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں کے پاس جا کر مسائل دریافت کئے۔  جوہر ٹاؤن کے بزرگ اور بیمار شہری خواجہ شہزاد سلیم وزیراعلیٰ سے بات کر تے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواجہ شہزاد سلیم اور ان کی اہلیہ کا مسئلہ دریافت کیا اور ڈی جی ایل ڈی اے کو معاملہ فوری حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عبدالشکور نامی شہری کی اراضی ٹرانسفر کے معاملے پر کارروائی کا حکم دیا۔ ون ونڈو سینٹر میں ماں بیٹی نے ایل ڈی اے انتظامات کو سراہا اور کہا کہ ہماری حکومت ہے اور ہمیں اس حکومت میں کوئی مسئلہ نہیں۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے فوری مسئلہ حل کرنے کے حکم پر ایک سائل خاتون نے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے لئے فرشتہ بن کر آئے ہیں۔ بانو نامی معمر خاتون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیراعظم عمران خان کو دعائیں دیں۔عثمان بزدار نے میلسی میں پلاٹ کے تنازعہ پر خاتون پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں