لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کیپٹن سکندر کی شہادت پر اظہار تعزیت، دہشت گردی کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے بیٹے ہمارے ہیروز ہیں۔ افسروں، جوانوں اور عوام کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے پختہ عزم کا مظہر ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبرجمیل دے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور رکن قومی اسمبلی میاں شہباز شریف نے سیڑھیوں سے گرنے کے باعث اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں ہیں۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف کے سیڑھیوں سے پھسلنے کا واقعہ پارٹی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹائو ن میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ پھسلتے وقت مسلم لیگ ن کے ایک کارکن نے شہبازشریف کو سہارا دیا جس کے نتیجہ میں کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔ اس واقعہ کے بعد انھیں ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کسی بڑی چوٹ سے محفوظ رہے۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی میاں محمد شہباز شریف، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف آج یکم اکتوبر صبح8:00 بجے نیب کی عدالت وفاقی کالونی جوہر ٹائون میں پیش ہوں گے۔
دہشت گردی کیخلاف لڑتے شہید ہونے والے ہیرو : شہباز شریف
Oct 01, 2021