کراچی(کامرس ڈیسک) روشنیوں کے شہر کراچی کی سب سے بڑی رہائشی کمیونٹی نیا ناظم آباد کے رہائشیوں کے لیے غیر منافع بخش اور اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والے نیا ناظم آباد ہسپتال کی تعمیر کے لیے حبیب بنک کی جانب سے نیا ناظم آباد کی بنیاد رکھنے والے ادارے جاویدان کارپوریشن کے لیے فنانسنگ کی مد میں ایک ارب روپے کی منظوری دے دی گئی۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی ری فنانس سکیم کے تحت حبیب بنک لمیٹد یہ رقم بغیر مارک اپ کے فراہم کرے گا۔نیا ناظم آباد کی جانب سے ابتدائی طور پر اس منصوبے کا سنگ بنیاد 2025 میں رکھا جانا تھا تاہم حبیب بنک کی جانب سے صفر مارک اپ پر فنانسنگ کی مظوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نیا ناظم آباد نے قبل از وقت ہسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک غیر منافع بخش لیکن اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والا نیا ناظم آباد ہسپتال منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں تعمیر ہونے والے 250 بیڈ پر مشتمل چار منزلہ منصوبے کا افتتاح اپریل 2023 میں متوقع ہے۔ ہسپتال کے پہلے مرحلے کے لیے سندھ حکومت کے ادارے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظوری لی جا چکی ہے جبکہ انجنیئرنگ ورکس کی منظوری بھی بہت جلد متوقع ہے۔ تعمیر کے لیے درکار تمام دستاویزی کاروائیوں اور محکمانہ منظوریوں کے بعد ہسپتال کا جلد از جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ جاویدان کارپوریشن کے چیئرمین عارف حبیب نے نیا ناظم آباد کو اپنے ادارے کا اہم ترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیا ناظم آباد کے رہائشیوں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ پہلے سے قائم علی حبیب میڈیکل سینٹر کی جانب سے نیا ناظم آباد کے رہائشیوں کو فراہم کی جانیوالی خدمات کو سراہتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ علاقے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ہسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی بدولت کمیونٹی کے رہائشیوں کو صحت کی معیاری اور سستی سہولیات مہیا کی جا سکیں گی۔نیا ناظم آباد کراچی شہر کی سب سے بڑی، منظم اور مربوط ہاؤسنگ سکیم ہے جو اپنی تکمیل کے بعد کم از کم 30ہزار خاندانوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ نیاناظم آباد جدید ترین سہولیات سے آراستہ ایک ایسا ہاؤسنگ منصوبہ ہے جہاں رہائشیوں کو تمام ضروری سہولیاتِ زندگی تک نہایت آسان رسائی مہیا کی گئی ہے۔ اس شاندار اور جدید ترین ہاوسنگ کمیونٹی کا بنیادی تخیل اور انفراسٹرکچر یہاں کے رہائشیوں کو پر امن،محفوظ اور صحت مند ماحول کی یقینی فراہمی کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔