لاہور کو صفائی کے حوالے سے ملک کا بہترین شہر بنایا جائیگا: محمودالرشید 

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیربلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویڑن کے مطابق باغوں کے شہر لاہور کو صفائی کے حوالے سے ملک کا سب سے بہترین شہر بنایا جائے گا۔ موجودہ حکومت لاہور کی تاریخ میں صفائی کے ضمن میں سب سے زیادہ مشینری منگوا رہی ہے۔246 نئی گاڑیاں ایل ڈبلیو ایم سی کے فلیٹ میں شامل ہو چکی ہیں جبکہ 31 دسمبر 2021 تک 650 گاڑیاں فلیٹ میں شامل ہو جائیں گی۔ میاں محمود الرشید نے ان خیالات کا اظہار لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کوصفائی کے لئے ملنے والی نئی گاڑیوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کو نئی گاڑیوں کی فراہمی شہر لاہور کو صاف ستھرا بنانے کے لیے حکومت پنجاب کا ایک اہم قدم ہے۔ اس حوالے سے پروکیورمنٹ کا عمل شفافیت سے مکمل کیا گیا ہے۔ ہر یونین کونسل کو 2 ڈمپرز دیے جا رہے ہیں تاکہ صفائی کے معاملات احسن طریقے سے انجام پائیں جبکہ گزشتہ دور حکومت میں ہر یونین کونسل کو ایک ڈمپر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی سے متعلق مسائل کے مستقل حل کے لئے سیکنڈری ویسٹ کولیکشن کا اوپن بڈنگ کے ذریعے ایک سالہ معاہدہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 51 کروڑ روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔جلد ہی تمام مشینری کی دستیابی کو یقینی بنا کر شہر میں صفائی کے سستے اور معیاری نظام کو مکمل فعال کر دیا جائے گا۔ میاں محمودالرشید نے بتایا کہ صفائی سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی مدد لی جا رہی ہے اور اس حوالے سے صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے۔موجودہ حکومت صفائی کمپنیوں کوخود انحصار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو اٹھارٹی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن