لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان یونس خان کی پی سی بی میں ایک اور انٹری کی تیاری کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں ذمہ داریاں ملنے کا امکان ہے،سابق کپتان اس سے قبل بیٹنگ کوچ کی خدمات دے چکے ہیں، یونس خان کی کپتانی میں پاکستان نے 2009 ء کا ٹی 20 ورلڈکپ جیتا تھا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کا فیصلہ اگلے دو تین روز میں ہوگا، سپورٹ سٹاف ہیڈ کیلئے ثقلین مشتاق مضبوط امیدوار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سپورٹ سٹاف کے ہیڈ کا تقرر کرنا ہے۔سپورٹ سٹاف میں مصباح الحق اور وقار یونس کے دستبردار ہونے کے بعد میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر کی خدمات پہلے ہی حاصل کی جا چکی ہیں۔چیئرمین رمیز راجہ نے مقامی سپورٹ سٹاف ہیڈ مقرر کرنے کیلئے کہا تھا۔نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہیڈ انٹر نیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو نیوزی لینڈ سیریز کیلئے عارضی کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ثقلین مشتاق کو سپورٹ سٹاف ہیڈ مقرر کیا جا سکتا ہے، ثقلین مشتاق کی گزشتہ روز چیئرمین رمیز راجہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ سے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے ملاقات کی ہے۔رمیز راجہ اور عاقب جاوید کی ملاقات پی سی بی ہیڈ کوارٹرزمیں ہوئی، جس میں ملک میں کرکٹ کی بہتری کے پلانز پر گفتگو ہوئی۔ذرائع کے مطابق عاقب جاوید نے پی سی بی چیئرمین کو گراس روٹ لیول پر کام کرنے کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ اور ٹیلنٹ ہنٹ کو مضبوط بنانے کو اہم قرار دیا اور دوہزار کی دہائی کے آغاز میں اکیڈمیز پر کام کرنے کی یاد دہانی کروائی۔ذرائع کے مطابق دوران گفتگو چیئرمین پی سی بی نے عاقب جاوید سے کرکٹ کی بہتری کیلئے پلانز مانگ لیے۔ذرائع کے مطابق رمیز راجہ اور عاقب جاوید میں اگلے ایک سے دو روز میں دوبارہ ملاقات ہوگی۔ذرائع کے مطابق عاقب جاوید نے بورڈ کی جانب سے کسی پیشکش کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ آنے والے دنوں میں دیگر کرکٹرز سے بھی مشاورت کریں گے۔
یونس خان کو پی سی بی میں ذمہ داری ملنے کا امکان
Oct 01, 2021