کے پی کے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران کے پی کے پولیس اور پنجاب گروپ آف کالجز،ہدف کالجز، الائیڈ اسکولز،ایفا سکولز سسٹم کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ڈی آئی جی خیبر پختونخواہ پولیس جناب رائے بابرسعید اور پنجاب گروپ آف کالجز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرر جناب سہیل افضل نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے اس موقع پر آئی جی پولیس کے پی کے جناب معظم جاہ انصاری کے علاوہ دونوں اداروں کے ا علیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔معا ہدے کے تحت پنجاب گروپ آف کالجز، ہدف کالجز،الائیڈ سکولز اور ایفا سکولزکے پی کے پولیس کے شہداءکے بچوں کے لیے فیس میں 100% جبکہ زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو50% اور پولیس کے دیگرحاضر سروس ملازمین کے بچوں کو 30% رعایت دے گا۔
اس موقع پر اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوئے جناب سہیل افضل،ایگزیکٹو ڈائریکٹرپنجاب گروپ آف کالجز نے کہا کہ پاکستان کی فورسز کی ملک کے لئے خدمات بے بہا ہیں ملک اور شہریوں کے تحفظ کی لئے یہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتی ہیں۔ ہم تمام شہریوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ان کے اس جذبہءحب الوطنی کی قدر کریں اور ممکن حد تک حوصلہ افزائی کریں۔ہمارا گروپ اس ضمن میں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے خیبر پختون خواہ پولیس کے شہداءکے بچوں کے لیے مفت تعلیم ، ذخمی اور حاضر سروس ملازمین کے لئے فیس میں خصوصی رعایت کرے گا۔ انہوںنے مزید کہا کی ہم پولیس کے بچوں کی تعلیم کے لئے ہر وقت حاضر ہیں اور جب بھی ہماری خدمات کی ضرورت ہو گی ہم پیش پیش ہوں گے۔ انہوں نے فورسز کے مثبت امیج کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کی فورسز کے بارے میں مثبت سوچ سے ان کے حو صلے بلند ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پریادگاری شیلڈز اورسووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔