مکتوب فرانس
صاحبزادہ عتیق الرحمن
برسی کی تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے نمائندوں نے شہید کو خراج تحسین پیش کیا
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان مسلم لیگ (ق) فرانس کے زیراہتمام شہید جمہوریت چوہدری ظہور الہی کی 40ویں سالانہ برسی انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ میزبان تقریب صدر پاکستانمسلم لیگ (ق) فرانس چوہدری منیر احمد وڑائچ تھے۔ برسی کی اس تقریب میں مسلم لیگ ق ، پیپلز پارٹی ،تحریک انصاف فرانس کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان چوہدری منیر احمد وڑائچ نے کہا کہ چوہدری ظہور الہی شہید نے ضلع گجرات کے لوگوں کو سیاسی شعور دیا۔گجرات کے اس سپوت نے پورے پاکستان کے محروم طبقے کے لئے آواز اٹھائی۔ چوہدری ظہور الہی نےچاروں صوبوں کے سیاستدانوں کو محبت کی لڑی میں پرویا۔ انہوں نے اپنے وقت کے فرعونوں کو للکارااور قید و بند کی صعوبتیں تو برداشت کرلیں لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ مسلم لیگی راہنماو ں نے چوہدری ظہور الہی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری ظہور الٰہی شہید نے اپنی عملی زندگی کو آبائی ذریعہ معیشت زراعت سے جوڑے رکھنے کے ساتھ ساتھ مسلسل بدلتی ہوئی معیشت پر بھی نظر رکھی۔ مرحوم کے والد چودھری سردار علی نے آغاز میں انہیں محکمہ پولیس میں بھیجا مگر چودھری ظہور الٰہی کی شخصیت مستقبل میں کسی بڑے کردار کے لئے تیار ہو رہی تھی۔ چنانچہ وہ فوراً اس پابند زندگی کے دائرے سے باہر آ گئے۔ وہ علاقے میں روایتی سیاست کی جکڑبندیوںاورغیر محسوس طریقے سے برسر اقتدار طبقے کے ہاتھوں عوام کے استحصال کومحسوس کرتے رہے۔انہی ایام میں وہ عوام کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے اوراستحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما ہونے کیلئے میدان عمل میں نکل آئے۔قائداعظم سے محبت ان کو مسلم لیگ کے قریب لے آئی اور 1944 کے بعد وہ مسلم لیگ گجرات سیاست میں عملاً شامل ہو گئے اور پھر انہیں کنونشن مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا سیکرٹری جنرل بنا دیاگیا، ایوب خان اور محترمہ فاطمہ جناح کے درمیان صدارتی محاذ آرائی میں چودھری ظہور الٰہی نے کھل کرمحترمہ فاطمہ جناح کا ساتھ دیا۔
برسی کی تقریب سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری ظہور الہی نے عوام کی بے پناہ خدمت کی۔ بیروزگاروں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے ۔ بیواو ں و یتیموں کے لئے وظیفہ مقرر کیا۔سینکڑوں مستحق بچیوں کی شادیاں کرائیں۔ گجرات کے عوام کے لئے چوہدری ظہور الہی شہید کی خدماتسنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔مقررین نے کہا کہ کہ شہید جمہوریت چوہدری ظہور الہٰی نے اپنی جاندے دی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔چوہدری برادران ظہور الہٰی شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظلم کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ چوہدری ظہور الہٰی شہید نے سیاسی کارکنوں کو قربانی دینے کے جذبے کی مثال قائم کی۔چودھری شجاعت حسین بھی والد جیساجذبہ رکھتے ہیں انہوں نے بھی مسلم لیگ کو متحد اورمضبوط کرنے کے لیے اپنا دل اور دروازہ کھلا رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہور الہٰی شہیدچاروں صوبوں کی آواز تھے، چودھری ظہور الہٰی درد مند دل رکھنے والی شخصیت تھے۔ چودھری ظہور الہٰی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما ہوئے، 40 سال بعد بھی ان کا نامعزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔