چوک سرورشہید(نامہ نگار) کھلی کچہری لگانے کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سننا ہے چوک سرورشہید سرکل میں جلد دوسرا تھانہ بھی قائم کردیا جائے گا اور ایک ماہ کے اندر چوک سرورشہید سرکل کا الگ ڈی ایس پی تعینات کردیا جائےگا۔ ڈی پی او مظفرگڑھ احمد نواز شاہ نے چوک سرورشہید میں کھلی کچہری میں سائیلین کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کئے۔ ا س موقع پر سائلین سلمیٰ بی بی، محمد الیاس، محمد نعیم، منیراحمد، عامر، جان محمد، غلام مصطفی، عبدالحمید سمیتبیسیوں لوگوں نے پولیس کے متعلق شکایات کیں۔ ڈی پی او نے تمام سائلین کی درخواستوں کو پڑھا۔ زیادہ تر شکایات قبضہ مافیا اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی تھیں تاہم کسی بھی درخواست پر کسی پولیس اہلکار کی سرزنش کی گئی اور نہ ہی کسی کی کوتاہی کو برسرعام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او مظفرگڑھ احمد نوازشاہ نے کہا چوک سرورشہید ایک مذید تھانہ بنایا جارہا ہے ایک سٹی پولیس سٹیشن ہوگا جبکہ دوسرا تھانہ صدر جس کے لئے فی الحال پرائیویٹ بلڈنگ کرایہ پر لی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمت سنٹر کی وین کو ایکٹو کردیا گیا ہے ہر تھانہ کے لئے دو دن مختص کئے گئے ہیں اب عوام الناس کو اپنے کریکٹر سرٹیفکیٹ یا گمشدگی رپٹ کے لئے مظفرگڑھ نہیں جانا پڑے گا۔ کھلی کچہری سے سائلین غیر مطمئن دکھائی دئے۔ انکا کہنا تھا کہ ہر درخواست پر اسی ایس ایچ او کو دوبارہ مارک کردیا گیا ہے ہمیں اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ایک شہری محمدالیاس کا کہناتھا کہ میرا موٹر سائیکل چوری ہوا سی سی ٹی وی کیمروں میں چور واضح دکھائی دے رہا ہے اور نشان دہی بھی کردی گئی ہے لیکن پولیس نے گرفتارنہ کیا جبکہ ڈی پی او نے بھی ہمیں ٹرخادیا ہے۔
کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سننا ہے: ڈی پی او مظفرگڑھ
Oct 01, 2022