سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنائے گئے مقدمات کبھی ثابت نہیں کئے جاسکتے ‘ یہ سلسلہ اب ختم ہوجانا چاہئے‘ رحمت خان وردگ


کراچی (نیوز رپورٹر)مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے ایون فیلڈ ریفرنس سے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے باعزت بری ہونے کے فیصلے کو حق و سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے عدلیہ کے معزز ججوں کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنائے گئے مقدمات کبھی ثابت نہیں کئے جاسکتے اور اب سیاسی انتقام کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی کیس برطانیہ میں ہوتے تو مقدمات بنانے والوں کو بھاری حرجانہ ادا کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ پانامہ پر ٹرائل کا آغاز کرکے اقامہ پر سزا دینے کے عمل کو کوئی ذی شعور بھی درست قرار نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ثبوتوں کے سیاسی انتقام کے تمام کیسز کا انجام قوم کے سامنے ہے کہ خواجہ سعد رفیق۔ شاہد خاقان عباسی۔ خواجہ آصف اور کئی رہنماں کی کردار کشی کی گئی اور قید و بند کی صعوبتیں دی گئیں لیکن عدالت میں ان پر کچھ ثابت نہ کیا جاسکا۔انہوں نے مزید کہا
 کہ اب قانون بننا چاہئے کہ جھوٹے مقدمات بنانے والے کیس ثابت نہ کرسکنے پر بھاری حرجانہ ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایسا قانون ہو کہ جب تک عدالت جرم ثابت ہونے کے بعد گرفتاری کا حکم نہ دے اس وقت تک کسی کو کرفتار نہیں کیا جاسکے گا۔ یہاں تو یہ رواج بن چکا ہے کہ جب چاہیں کسی پر الزامات کی بوجھاڑ کرکے اسکا میڈیا ٹرائل کرکے عدالت میں مقدمہ شروع ہونے سے پہلے اسے بدترین مجرم قرار دیکر اسے گرفتار کرلیا جائے۔ آج ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سچ کی جیت ہے۔ پی پی رہنما رزاق باجوا نے مسلم لیگ نون کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نواز اور کیپٹن صفدر کو جھوٹے من گھڑت کیس سے بری ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا 2018 کے الیکشن میں لاڈلے کو کامیابی دلوانے کے لیے نون لیگ پیپلز پارٹی کی قیادت پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے جھوٹے مقدمات بنا کر کے جھوٹی سزائیں دے کر جھوٹے پروپیگنڈے کیے گئے اس ملک میں صرف ایک شخص ایماندار ہے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کو جھوٹے پروپیگنڈے کرکے جھوٹے الزامات لگا کر کے عدلیہ سے من پسند فیصلے لے گئے جو کسی بھی طرح سے درست نہیں تھے آج جس طرح صادق اور امین کی چوریا توشہ خانہ اور پنجاب کو جس طرح سے بیگم اور گھی کے سپرد کیا گیا تھا یہ سب چیزیں عوام کے سامنے آ چکی ہیں عوام اب ان بہروپیوں کے جھوٹے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے انشااللہ آنے والے جنرل الیکشن 2023 عوام ان جھوٹے مداریوں کو ووٹ کی طاقت سے گھر بھیجے گی عمران خان کا چار سالہ دور اقتدار جھوٹ کا پلندہ تھا جواب کبھی پاکستان کا راج نہیں کر پائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن ضلع وسطی کراچی کے صدر اور نائب صدر لائرز فورم سندھ اسلم خٹک ایڈوکیٹ، امجد علی ایڈوکیٹ جوائنٹ سیکرٹری لائرز فورم سندھ ودیگر عہدیدران و کارکنان نے مشترکہ طور پر پاکستان مسلم کے مرکزی رہنماں جن میں کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان اور محترمہ مریم نواز شریف کو جھوٹے ریفرنس میں باعزت بری ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آج ایک بار پھر نیب کا سیاہ چہرہ قوم کے سامنے عیاں ہو چکا۔ عزت اور ذلت دینے کی قدرت میرے اللہ پاک کے پاس ہے۔ آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے تاریخ ساز فیصلے نے انصاف کا اور عدلیہ کے وقار کا بول بالا کیا ہے۔ ان سب فراڈیوں، انصاف کے قاتلوں اور ملک و ملت کی ترقی میں روکاوٹیں ڈالنے والوں کا فی الفور محاسبہ کیا جائے۔ اب یہ ملک و ملت اور ریاستی تمام ادارے آئین پاکستان کے دائرے میں ہی چل سکتے ہیں۔
رحمت خان وردگ

ای پیپر دی نیشن