لاہور (سپیشل رپورٹر) برصغیر کی قدیم ترین تعلیمی اور رفاہی تنظیم انجمن حمایتِ اسلام کے صدر سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا ہے کہ متاثرینِ سیلاب یتامیٰ کی تعلیم و تربیت اور قیام و طعام کی ذمہ داری نبھائیں گے جو بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم کے خواہاں ہیں وہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے ذریعے رابطہ کریں۔ انجمن حمایتِ اسلام کے 139ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب میں سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ انجمن کیلئے علامہ اقبال نے اپنی زندگی وقف کر دی تھی۔ قائداعظم سمیت عالمِ اسلام کے سبھی سربراہوں نے بارہا دورہ کر کے عزت افزائی کی۔ انجمن کے زیرِ انتظام تمام تعلیمی اور رفاہی اداروں کی انتظامی کمیٹیز کو بااختیار بنانے کا مقصد خودکفالت اور معیار میں بہتری لانا ہے۔ سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام کی معاشی ترقی کیلئے دارالشفقت، شعبہ جایداد اور تعمیرات کی کارکردگی بہتر بنانے پر ہماری تمام تر توجہ مرکوز ہے، تاکہ رفاہِ عامہ اور تعلیمی خدمات کے حوالے سے عظمتِ رفتہ اور نشاة الثانیہ بحال ہو سکے۔ دیگر شرکا میں سینئر نائب صدر جسٹس (ر) رستم علی ملک، نائب صدور خواجہ محمود احمد، خواجہ مشتاق احمد، میاں محمد سعید (ڈیرے والے)، جسٹس (ر) اقبال حمید الرحمن، حکیم عزیز الرحمن ، نصیب اللہ گردیزی، ڈاکٹر مبشر منور ، خادم حسین جرال، ڈاکٹر شوکت علی، مدثر لطیف ، افتخار احمد، جایداد ، زاہد جاوید، شاہد لطیف، ایوب خان، مشتاق پیرزادہ اور رفیع رضا کھرل سمیت اراکین جنرل کونسل، ملازمین اور یتامیٰ کی بڑی تعداد شریک تھی۔
متاثرینِ سیلاب یتامیٰ کی تعلیم و تربیت ، قیام و طعام کی ذمہ داری نبھائینگے:ضیا حیدر رضوی
Oct 01, 2022