پاکستان ‘انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی بڑھا دی : سی سی پی او 


لاہور(نمائند ہ خصوصی)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹونٹی ٹیموں کے مابین قذافی سٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی سیریز کے چھٹے میچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کھلاڑیوں کی رہائش گاہ ، روٹ اور سٹیڈیم کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی مزید سخت بنانے کے پیش نظر تعینات نفری میں اضافہ کیا گیا ہے اور پولیس،ٹریفک،ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ،ایلیٹ فورس اور اینٹی رائٹ فورس، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 11 ہزار افسران اور اہلکار میچز کی سکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے سٹیڈیم کے داخلی گیٹس پر شہریوں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔سی سی پی او لاہور نے سینئر پولیس افسران کو چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،ٹیم آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹ اور سٹیڈیم کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے،مشکوک افراد،گاڑیوں اور سامان پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

کسی بھی شخص کو بغیر چیکنگ سٹیڈیم کی حدود میں ہرگز داخل نہ ہونے دیں،بلند عمارات پر تعینات سنائپر الرٹ رہیں اور گرد و نواح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ فورس ٹیموں کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور اطراف میں موثر پٹرولنگ کرنے کی ہدایت کی۔ امن دشمن و جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے مخصوص مقامات پر 200 سے زائد ناکے لگائے گئے ہیں جبکہ داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر چیکنگ بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔لاہور پولیس شہر میں انٹرنیشنل سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ملکی وقار اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز کی سکیورٹی کیلئے گزشتہ میچز سے زیادہ بہتر حکمت عملی اپنائی ہے۔ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی 200 سے زائد ٹیمیں موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔شائقین کو مکمل جسمانی تلاشی،قومی شناختی کارڈ،ٹکٹ اور دیگر چیکنگ کے بعد ہی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپرشنز جاری ہیں جبکہ سیکورٹی ڈیوٹی چیکنگ کےلئے ویجیلنس ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ٹی ٹونٹی میچز کے دوران شہریوں کی آگاہی،پارکنگ و ٹریفک روانی کےلئے مفصل ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...