مجرموں کامستقل خاتمہ ‘کچے کے علاقے میں آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم 

Oct 01, 2022


لاہور(نمائند ہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کچے کے علاقے سے مجرمان کے مستقل خاتمے کیلئے آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور تمام متعلقہ اداروں سے کوارڈینیشن کرکے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ رحیم یار خان میں پولیس وین پر چھپ کر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل آپریشن کیا جائے اور کانسٹیبل محمد اکبر کو شہید اور دیگر اہلکاروں کو زخمی کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ کچے کے علاقے میں آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی ویلفیئر اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور شہید کانسٹیبل محمد اکبر کی فیملی کی ویلفیئر اور زخمی اہلکاروں کی طبی امداد کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کےساتھ ساتھ دریائی چیک پوسٹوں پر موٹر بوٹس کے ذریعے پٹرولنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے اور جرائم کی وارداتوں بالخصوص پولیس پر حملے کرنے والے مجرمان کو پابند سلاسل کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں ۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار پولیس آپریشن بارے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

 دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے رحیم یار خان میں پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد اکبر کے شہید اور 3 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعہ بارے بریفنگ لی۔

 ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے کچہ آپریشن میں ابھی تک کی پیش رفت بارے آئی جی پنجاب کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ آپریشن کے نتیجہ میں راجن پور اور رحیم یار خان میں اغواءبرائے تاوان اور سنگین جرائم کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے۔اجلاس میں راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈی پی اوز نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی اغواءبرائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث منظم گینگز کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی جائے اور سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزائیں دلوائی جائیں ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، آر پی او بہاولپور، آر پی او ڈی جی خان، ڈی پی او رحیم یار خان اور راجن پور نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر، ڈی آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی آپریشنز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں