لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آٹھواں ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامٹ آج یکم اکتوبر سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا۔قومی ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں بنگلہ دیش پہنچ چکی ہے ۔ گزشتہ روز ایونٹ میں شریک ٹیموں کی کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کرایاجبکہ کھلاڑیوں نے تیاری کیلئے باﺅلنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس کیلئے مختلف ڈرلز کیں ۔ٹورنامنٹ میں 7ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے نبرد آزما ہوں گی جن میں میزبان بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں، ٹورنامنٹ 15اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا،خواتین کے آٹھویں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت تمام میچز بنگلہ دیش کے سلہٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 24میچز کھیلے جائیں گے۔ 2014کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہو گا کہ سلہٹ خواتین کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کرےگا۔ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کےلئے کوشش کرے گی۔پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش کا مقابلہ تھائی لینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ بھارت اور سری لنکا کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ویمنز ایشیا کرکٹ کپ آج سے بنگلہ دیش میں شرو ع ہوگا
Oct 01, 2022