کراچی(این این آئی)ایف آئی اے ایمیگریشن نے پاکستانی پاسپورٹ پر شارجہ جانے والے ایرانی باشندے کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ایمیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کی۔کارروائی میں پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر شارجہ جانے والے مبینہ ایرانی شہری کو گرفتار کرلیاگیا۔نوید نامی ملزم کودستاویزات کی چیکنگ کے دوران مشتبہ جان کر آف لوڈ کیاگیا، ذرائع نے بتایاکہ ملزم ایرانی زبان کے علاوہ کوئی بھی مقامی زبان بولنے سے قاصر ہے۔دوران تفتیش ملزم کراچی میں اپنا کوئی حوالہ پیش نہ کرسکا،ملزم کے موبائل فون پر سارے نام اور نمبر ایرانی زبان میں درج تھے۔ذرائع کے مطابق مبینہ ایرانی شہری نے شناختی کارڈاورپاسپورٹ ایجنٹ کی مددسے حاصل کیا تاہم ملزم کو مزید کارروائی کے لئے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔