پشاور(آئی این پی ) خیبر پی کے پولیس کے شعبہ تفتیش میں پہلی بار خاتون آفیسر کو تعینات کردیا گیا، پولیس سروس گروپ کی افسر عائشہ گل نے ایس پی انویسٹی گیشن پشاور کا چارج سنبھال لیا، زیادتی، خواتین پر تشدد اور بچوں کے خصوصی کیسز پر کام کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ گل اس سے قبل سینٹرل پولیس آفس میں بطور اے آئی جی جینڈر خدمات سر انجام دے چکی ہیں، انہیں خواتین پولیس ڈیسک، اقلیتوں اور خواجہ سراں کے بنیادی مسائل کے حوالے سے بنائے گئے ڈیسک متعارف کروانے اور ڈیٹا بیس تیار کرنے میں مہارت حاصل رہی ہے۔ پولیس فورس میں خواتین کی بھرتی کی شرح کو بڑھانے میں عائشہ گل کا کردار بھی قابل تعریف رہا ہے۔ چند سال قبل پشاور میں پولیس سروسز گروپ سے آفیسر کو بطور ایس ایس پی انویسٹی گیشن پشاور تعینات کیا گیا لیکن اب طویل عرصے بعد ایک بار پھر پی ایس پی خاتون آفیسر کو شعبہ تفتیش میں خدمات سر انجام دینے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ عائشہ گل نے بتایا کہ بطور خاتون انویسٹی گیشن آفیسر کام کرنا کسی چیلنج سے کم نہ ہوگا لیکن محکمہ پولیس میں تفتیش ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، بہتر تفتیش، جرائم کی بیخ کنی اور معاشرتی اصلاح و جرائم کی کمی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ایف آئی آر سے فرانزک شواہد جمع کرنا اور کسی بھی ملزم کو سزا دلوانے میں اصل کام احسن انداز سے تفتیش کا ہی ہے، کوشش ہوگی کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے میں زیادہ سے زیادہ محنت اور لگن سے کام کروں۔