لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کا آڈیو اور سب ٹائٹل کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ایک گھناؤنی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسری آڈیو لیک کی۔ دوسری آڈیو لیک میں بھی ثابت ہو گیا کہ سائفر ایک حقیقت ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ گزشتہ لیک آڈیو میں عمران خان نے کہا "یہ فارن سازش ہے" جبکہ سب ٹائٹلز میں لکھا گیا "اس کو فارن سازش بنا دیتے ہیں۔" آج کی آڈیو میں عمران خان کہہ رہے ہیں "لیٹر کے منٹس لکھ دیں" جبکہ سب ٹائٹلز میں "مرضی کے منٹس لکھ دیں" لکھا گیا۔ مشیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ جھوٹ، پراپیگنڈا اور منافقت ن لیگ کا من پسند مشغلہ ہے مگر اب عوام انکے دھوکے میں آنے والی نہیں۔ ہر گزرتا دن سائفر کی حقیقت کو ثابت کر رہا ہے، اور قوم تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہے۔