اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کاروباری برادری کو آسیان ممالک کے ساتھ کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے آسیان سہولت ڈیسک قائم کیا ہے جس کا افتتاح پاکستان میں ویتنام کے سفیر اور آسیان کمیٹی کے چیئرمین نو ین ٹی ین فانگ نے بطور مہمان خصوصی کیا۔ انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو، تھائی لینڈ کے سفیر چکریڈ کراچائیونگ، میانمار کے سفیر و ین مائنٹ، ملائیشیا کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈیڈی فیصل بن احمد صالح اور برونائی دارالسلام کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عبدالمبدی عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ویتنام کے سفیراور آسیان کمیٹی کے چیئرمین نوین ٹی ین فانگ نے آسیان ڈیسک کھولنے پر چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی کیونکہ یہ ڈیسک آسیان ممالک کے ساتھ پاکستان کے کاروباری تعلقات کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری تجارت و برآمدات کے لیے آسیان ممالک پر توجہ دے کیونکہ آسیان خطہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آسیان ممالک کے سفارتخانے انہیں آسیان خطے کے ساتھ تجارت کے فروغ کی نئی راہیں تلاش کرنے میں ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔تھائی لینڈ، میانمار،ملائشیا اور برونائی دارالسلام کے سفارت کاروں نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آسیان خطہ تجارتی تعلقات کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادری اس میں پائے جانے والے کاروبار کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے آسیان ممالک کے سفارت کاروں کو آئی سی سی آئی میں آسیان سہولت ڈیسک کھولنے کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا۔
اسلام آباد چیمبرنے کاروباری افراد کیلئے آسیان سہولت ڈیسک قائم کردیا
Oct 01, 2022