کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپیہ 18 پیسے کم ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 228.45 روپے رہا۔ انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالر 11.20 روپے سستا ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 230 روپے برقرار ہے۔ ادھر سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 45 ہزار 500 ہوگئی۔ 10 گرام سونے کی قیمت 343 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 24 ہزار 743 روپے ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ ماکیٹ میں سونے کا بھاؤ 13 ڈالر اضافے سے 1664 ڈالر فی اونس ہے۔ اس کے علاوہ چاندی کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا اور فی تولہ چاندی 1560 روپے ہے۔ ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 114.81پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 41013.86 پوائنٹس سے بڑھ کر 41128.67 پوائنٹس ہو گیا۔ اسی طرح 24.61پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 15312.25 پوائنٹس سے بڑھ کر 15336.86 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28135.22پوائنٹس سے بڑھ کر 28225.45 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 21ارب 61کروڑ 22لاکھ 78ہزار 329روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب 60 ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 34 ہزار 123روپے سے بڑ ھ کر 67کھرب 82 ارب 3 کروڑ 63 لاکھ 12ہزار 452 روپے ہو گیا۔
انٹر بنک میں ڈالر 1.18روپے سستا ، سونے کی قیمت 400روپے تولہ گر گئی
Oct 01, 2022