نجی شعبے کے تعاون سے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں : پرویز الہی 

Oct 01, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے رجب طیب اردگان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور رجب طیب اردگان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے تعاون سے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے میانوالی اور تلہ گنگ کے ہسپتالوں کو رجب طیب  ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال کے سپرد کرنے کی منظوری دی۔  پرویز الٰہی نے کہا کہ میانوالی کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی آپریشنل مینجمنٹ کو ٹرسٹ کے سپرد کیا جائے گا اور میانوالی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو انڈس ہسپتال ماڈل پر چلایا جائے گا۔ عوام کو نجی شعبے کے اشتراک سے صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کے اشتراک سے رجب طیب اردگان ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال صوبے میں 9 ہسپتال اور 2ریجنل بلڈ سینٹرز کامیابی سے چلائے جارہے ہیں اور 35لاکھ مریضوں کو سالانہ مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی اور  مونس الٰہی سے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر اصغر زیدی نے ملاقات کی جس میں صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کیلئے جامع پلان بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ کیلئے تعلیمی سہولتوں میں مزید اضافہ کریں گے اور ادارے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نیفوٹو گرافر اعجاز سندھو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

مزیدخبریں