ملتان(نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم ،پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کا بیانیہ پی ٹی آئی کا نیا ڈرامہ ہے۔جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ اور غلط بیانی کرنا ان کا منشور ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا۔اقتدار سے نکلنے کے بعد عمران خان اور اس کے حواری حواس باختہ ہوگئے ہیں۔ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے جبکہ عمران خان فتنہ کی طرح گندی سیاست کر رہے ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی' وفاقی وزیر مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کے ہمراہ چک نمبر 6 ٹرپء کی معروف سیاسی شخصیات ملک اسلم گنب 'عبدالرزاق گنب،ملک صدام گنب کی پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر مہر اشتیاق اور مامون گیلانی بھی موجود ہیں ۔سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔وزیر خارجہ، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خدا داد صلاحیتوں کے باعث بہترین خارجہ پالیسی لے کر آگے بڑھ رہے ہیں. اقوام عالم میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام بحال کروا رہے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ کروڑوں عوام کی بحالی کے لیے پی پی پی چیئرمین کی خدمات قابل ستائش ہیں۔این اے 157 کے انتخابات میں سید علی موسی گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔ممتاز سیاسی شخصیات کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اور علی موسی گیلانی کی حمایت سے کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بہت جلد جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔